قبل اوّل کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے ،قائد ملت جعفریہپاکستان
قائد اعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا،سفارتی تعلقات کی باتیں کرنے والے تاریخ سے آگاہ نہیں
راولپنڈی/اسلام آباد 09 جون 2017ء ( نمائندہ خصوصی ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہر سال کی طرح امسال بھی ملک بھر میں جمعتہ الوداع 27رمضان المبارک مورخہ 23جون2017 ء کے روز پورے ملک میں یوم القد س کی عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہناتھا کہ مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔خدا نخواستہ فرقہ واریت کا شکار رہے تو استعماری قوتوں کے مقابلے کیلئے قربانیاں زیادہ دینا ہوں گی۔فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے علامہ ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے پاس وسائل موجود ہیں مگر انہیں امت کی بیداری اور تحفظ کیلئے استعمال نہیں کیا جارہا ۔ جس کی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قدس کی آزادی کیلئے او آئی سی کومضبوط کیا جائے یا مسلم ممالک میں عوامی لیڈر شپ اپنے اندر ہم آہنگی پیدا کرکے قدس کی آزا ی کیلئے جدوجہد کرے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک منصوبے کے تحت شدید محاذ آرائی و قتل وغارت گری کا بازار گرم ہے۔اس کا مقصد اسرائیل کو محفوظ رکھنا ہے اورقبلہ اوّل کی آزادی کا راستہ روکنا ہے۔جس سے مسلم امہ کی قوت کمزور ہو رہی ہے اور اس کے نتیجے میں اسرائیل محفوظ ہورہا ہے قبلہ اوّل کی آزادی دور ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔ اس کی مختلف مسالک کی تعبیروں کو ہی امت کہا جاتا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے اتحاد اسلامی کی قابل تقلید فضا موجود ہے۔جس پر عمل کر کے تمام مکاتب کر کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبلہ اوّل کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے۔ جس کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا کہ فلسطین انبیاء علیہم السلام کی سرزمین ہے، اس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزادی پسندقوم تسلیم نہیں کرسکتی۔آج اسرائیلی درندے فلسطینی ماؤں بہنوں اوربیٹیوں کی بے حرمتی اور نوجوانوں و بچوں پر ظلم کر کے سیاہ تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ لیکن سوچنے کی بات ہے کہ ہماری شرعی ذمہ داری کیا بنتی ہے۔ہمیں آگے بڑھنا ہوگا کہ اسرائیلی ہاتھوں کوروک سکیں اور فلسطینیوں کو صیہونی زنجیروں سے آزادی دلا سکیں۔ اس حوالے سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی ؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی یہ تحریک آج تک جاری ہے جوفلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جاری رہے گی۔ قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ جمعۃ الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القد س کی عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جس کے لیے انہوں نے تنظیموں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔