قومی پلیٹ فارم کی توانا آواز، مشتاق ہمدانی

علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی مرحوم مدرسہ آیت اللّه الحکیم کے اولین طلبہ میں سے تھے؛ آپ نے قائد موجود سے کسبِ فیض کیا تھا. تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہاں بطور مُدرّس بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں.
علامہ ہمدانی مرحوم مدرسہ زینبیہ کے بانی تھے. راولپنڈی میں بچیوں کی تعلیم کے لئے اس سے پہلے کوئی ادارہ نہیں تھا، انھوں نے اس کمی کو پورا کرنے کے لئے اس ادارے کو قائم کیا. اس کے ساتھ ساتھ آپ شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری مالیات رہے ہیں. قائد شہید حسینی رح کے زمانے سے وابستہ ہیں، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ہو یا تحریک جعفریہ یا پھر بعد میں اسلامی تحریک، مختلف تنظیمی ذمہ داریوں پر کام کرتے رہے ہیں.
ڈویژنل سیکرٹری، صدر آزاد کشمیر اور تحریک کی سپریم کونسل کے بھی رکن تھے.
علامہ ہمدانی اس وقت شیعہ علما کونسل پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے. آپ ایک متدین، علمی مخلص شخصیت تھے. نظام قیادت سے ہمیشہ وابستہ و مخلص رہے اور اس نظام کے توانا مدافع بھی.
1997ء میں علامہ ہمدانی مرحوم بذات خود سپریم کونسل کے اس وفد میں شامل تھے جو مقام معظم رہبری سے ملنے گیا تھا. اس وفد میں سے دو افراد شہید ہوچکے ہیں، جبکہ ان میں سے ایک آج چلے بسے ہیں.
واضح رہے کہ اس وفد نے موجودہ قائد کے حوالے سے رہبر معظم سے پوچھا تھا کہ کیا آقای ساجد آپ کے نمائندہ ہیں تو مقام معظم رہبری نے فرمایا تھا:”ہاں وہ میرے نمائندہ ہیں جس طرح پہلے تھے”.
علامہ ہمدانی مرحوم ایک بہترین مُدیر، مدبّر اور بالغ نظر عالم دین تھے؛ آپ انتہائی خاکسار، انتہائی خوددار، حق بِین اور حق پرست، بے لوث و بے باک، جراتِ اظہار کا شاندار نمونہ تھے؛ آپ کو عربی، فارسی پر بھی عبور حاصل تھا. آپ کی فلاحی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا؛ آپ قومی پلیٹ فارم کے سچے علمبرداروں میں سے ایک تھے. آپ کا تحریک کے لئے حوصلہ اور جذبہ بہت بلند نکلا، انتہائی کٹھن حالات میں آپ قائد موجود کے شانہ بشانہ چلتے رہے؛ آپ کا شمار قائد ملت کے ان چند مخلص دوستوں میں ہوتا ہے جنہوں نے حقوقِ تشیع کے لئے تحریک کی صدا کو بلند کرتے ہوئے ملت جعفریہ میں شعور پیدا کیا.آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے.
الله تعالی انہیں اپنے جوارِ رحمت اور جوارِ اہلبیت علیہم السلام میں جگہ عطا فرمائے. آمین

دعاگو: امداد علی گھلو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here