جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر و تحریک جعفریہ پاکستان کے سابقہ نائب صدر اور سپریم کونسل کے رکن مرحوم علامہ یعقوب علی توسلی کے رسم چہلم میں شرکت کے لئے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی جمعرات کو کوئٹہ پہنچ گئے۔ ائیرپورٹ پہنچنے پر بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین علامہ جمعہ اسدی، شیعہ علما کونسل بلوچستان کے صدر علامہ محمد حسین مبلغ ، سیکرٹری جنرل شیعہ علما کونسل بلوچستان برادر لیاقت ہزارہ اورعلامہ شیخ زاہدی سمیت دیگر علماء کرام و کارکنان نے اپنے محبوب قائد کا شاندار استقبال کیا ۔ کوئٹہ میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تحریک جعفریہ پاکستان کے سابقہ نائب صدر اور سپریم کونسل کے رکن مرحوم علامہ یعقوب علی توسلی کے رسم چہلم میں شرکت کی۔ اس موقع پر امام بارگاہ حسینی سید آباد میں مرحوم علامہ یعقوب علی توسلی کی مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مرحوم علامہ یعقوب علی توسلی نے اپنی ساری زندگی ملت کیلئے بیش بہا خدمات اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے وقف کر دی تھی، بالخصوص کوئٹہ میں شیعہ قوم کی رہبری میں انکا کردار ہمیشہ نمایاں رہا۔ آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شیعہ علما کونسل بلوچستان کے صدر علامہ محمد حسین مبلغ ، حجت الاسلام والمسلمین علامہ جمعہ اسدی اورعلامہ شیخ زاہدی کے ہمراہ مرحوم علامہ یعقوب علی توسلی کے خانوادے سے تعزیت و مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سید آباد محلے کے علما اور مومنین کے وفود سے ملاقات کی ۔