تازه خبریں

واقعہ مباہلہ دین کی فتح مبین ہے. یہ واقعہ اپنے اندر بہت سے قیمتی پیغامات سموئے ہوئے ہیں.عامر حسین شہانی

واقعہ مباہلہ دین کی فتح مبین ہے. یہ واقعہ اپنے اندر بہت سے قیمتی پیغامات سموئے ہوئے ہیں. ذیل میں واقعہ مباہلہ سے حاصل ہونے والے چند نکات کی طرف اشارہ کیا جاتا ہے.
1_پنجتن پاک دین مبین کی حقانیت پر دلیل بن کے جاتے ہیں لہذا ہر دینی معاملہ میں ان سے تمسک کیا جائے.
2_دین خدا جب بھی خطرے کی زد میں آیا تو اہل بیت نے جان کی بازی لگا دی.
3_مقام و مرتبہ کے لحاظ سے امت میں کوئی بھی اہل بیت کے ہم پلہ نہیں ہے.
4_ابناءنا , نساءنا اور انفسنا جمع کے صیغے ہیں لیکن رسول کا ابناءنا کی جگہ حسن و حسین علیھما السلام , نساءنا کی جگہ فقط سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیھا اور انفسنا کی جگہ فقط امام علی علیہ السلام کا انتخاب کرنا دلیل ہے کہ عورتوں میں سیدہ کے برابر اور نفس رسول ہونے میں علی کے ہم پلہ اور کوئی نہیں لیکن اولاد رسول ہونے میں حسن و حسین علیھما السلام برابر تھے لہذا دونوں کو لے گئے.
5_ دین انہی چند معصوم ہستیوں کی خاطر قائم اور زندہ ہے، ورنہ خود پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) لعنت کرسکتے تھے۔
6_جو رسول کی زندگی میں ہی نفس رسول ہونے کا اعزاز پائے تو بعد از نبی جانشین نبی ہونے کا اہل بھی صرف وہی ہے.
7_جب مباہلہ سے اہل بیت کا سچا ہونا ثابت ہوگیا تو آیت “وکونوا مع الصادقین اور سچوں کے ساتھ ہوجاؤ” کے تحت اہل بیت کی پیروی واجب قرار پاتی ہے.
8_مخالف کے ساتھ دلیل سے بات کی جائے اور اس کی بات چاہے اپنے عقیدے کے صریح خلاف ہو پھر بھی صبر و تحمل سے سنی جائے.
9_مخالف کو دلیل سے قانع کرنے کی کوشش کی جائے اور ضد و ہٹ دھرمی سے گریز کیا جائے اور اس کی زات یا اس کے مقدسات کی توہین نہ کی جائے.
10_کسی پر زور و زبردستی کے زریعہ اپنا نظریہ مسلط نہ کیا جائے.
11_اگر آپ حق و صداقت پر ہیں لیکن مخالف دلائل نہیں مان رہا تو اس کی توہین یا گالم گلوچ(جیسا کہ اکثر ہوتا ہے) کی بجائے مباہلہ کا چیلنج دے کر اپنی حقانیت ثابت کی جائے.
12_اگر کوئی مخالف بھی آپ سے بات چیت کرنا چاہے اور چل کر آئے تو اس کے ساتھ حسن اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے اور اس کی عزت و تکریم کی جائے.
13_غیب سے مدد حاصل کرنا، معمول اور ظاہری توانائیوں کے استعمال کے بعد۔
14_جس کو اپنے عقیدے اور مقصد پر ایمان ہو تو حتی خود اور اپنے قریبی رشتہ داروں کو بھی خطرہ کی زد میں لے آتا ہے۔
15_کبھی افراد کی کثرت کی اہمیت ہوتی ہے اور بعض اوقات افراد کی کثرت مطلوب نہیں ہوتی بلکہ کم تعداد افراد کی شان و عظمت اور ہدف کی اہمیت مقصود ہوتی ہے۔
16_دعا کی محفلوں میں بچوں کو بھی لانا چاہیے۔
17_اگر حق کا پیروکار انسان، اپنی حقانیت پر مضبوطی اختیار کرے تو باطل پر چلنے والے شخص کی شکست یقینی ہے۔
18_اگر رسول خدا غیر مسلموں کے ساتھ مل بیٹھ کر بات چیت سے مسائل حل کرنے کا اقدام فرما سکتے ہیں تو مسلمان آپس کے مسائل مل بیٹھ کر کیوں حل نہیں کر سکتے… ؟؟؟
آخر میں عید مباہلہ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور خدا سے دعا ہے کہ وہ ہمیں سچوں کے ساتھ متمسک رہنے کی توفیق عطا فرمائے.
آمین.