وزیراعظم محمد نواز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات
وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایران کیساتھ دوطرفہ تجارت پانچ ارب ڈالرتک لے جانے کا ہدف جلد ازجلد حاصل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات پرزوردیا ہے ۔اسلام آباد میں ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف سے ملاقات میں محمد نوازشریف نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کے فروغ پراطمینان کا اظہارکیا اورامید ظاہرکی کہ دونوں ملک تجارت،سرمایہ کاری ،توانائی اورمواصلات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پرمبنی تعاون کے فروغ کیلئے رابطے جاری رکھیں گے۔ ملاقات میں علاقائی امن واستحکام سے متعلق امورپربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چھبیس اپریل کو ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں گیارہ ایرانی بارڈرسکیورٹی گارڈزکی ہلاکت کے واقعے پروزیراعظم محمد نوازشریف نے ایران کی قیادت اورعوام سے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ۔ایران کے وزیرخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام ،تجارت واقتصادی تعاون سمیت روابط کے فروغ اورسرحدی تحفظ سے متعلق امور کیلئے پاکستان کی مسلسل کاوشوں پروزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔جواد ظریف نے ایرانی قیادت اورحکومت کی جانب سے دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا پیغام بھی پہنچایا۔