وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا: وزیراعظم
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بنیادی ڈھانچے ، توانائی اور معیشت کے شعبے میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا ۔ سٹاک ایکسچینج میں بہترین کارکردگی کی حامل کمپنیوں کو ایوارڈ دینے سے متعلق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے حساب لے گی ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ تین سال کے مختصر عرصے میں معاشی استحکام کے اشاریے حکومت کی جامع منصوبہ بندی کی عملی تشریح ہیں ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیر کمال نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی ملکی ترقی اور معاشی استحکام کا اشاریہ ہے جس کا اعتراف عالمی برادری کر رہی ہے ۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر الحق حجازی نے کہا کہ موثر حکمت عملی کی بدولت مرحلہ وار معاشی اہداف حاصل کئے جا رہے ہیں ۔ تقریب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔ سٹاک ایکسچینج ہنڈرڈ انڈیکس چالیس ہزار دو سو نواسی پوائنٹس کے ساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور اس کا شمار عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کی حامل دس حصص منڈیوں میں کیا جا رہا ہے ۔ تقریب میں سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیراعلی سید مراد علی شاہ ، سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی ، ڈائریکٹرز اور معروف کمپنیوں کے سربراہان اور نمائندے شریک تھے ۔