منگل کے روز تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان دوستی کے رشتے بہت مضبوط ہی ہیں۔
میجر جنرل محمد علی جعفری نے دین اسلام کو ایران وپاکستان کے عوام کے درمیان اتحاد کا اہم ترین عامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ، امت مسلمہ اور خطے کے ملکوں کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور خباثتوں کے باوجود ایران اور پاکستان کے تعلقات ماضی کے مقابلے میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک اور قوموں کو کسی نہ کسی طرح سے امریکہ اور صیہونی حکومت کی دشمنی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دشمن کے مقابلے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور اپنے دفاعی اور عوامی مزاحمتی تجربات پاکستان کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔پ
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے اس موقع پر دشمنوں کی ان سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جو وہ پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی غرض سے انجام دے رہے ہیں، کہا کہ دشمن کی تمام تر سازشوں اور تفرقہ انگیز اقدامات کے باوجود ان کاملک ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔