پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل ساتویں بار اضافہ، شیعہ علماءکونسل کا اظہار تشویش
حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، علامہ عارف واحدی
حکومت فی الفور ظالمانہ اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے، سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل
اسلام آباد یکم مارچ 2018ئ( جعفریہ پریس) شیعہ علماءکونسل پاکستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اضافی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کردیا- علامہ عارف حسین واحدی کہتے ہیں مسلسل ساتویں بار پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیاگیا ہے جو کہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے، حکومتوں کا کام عوام پر بوجھ ڈالنا نہیں بلکہ انہیں ریلیف فراہم کرنا ہوتاہے تفصیلات کے مطابق شیعہ علماءکونسل پاکستان نے گزشتہ رات اچانک پٹرولیم مصنوعات میں ساتویں بار اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت سے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے- علامہ عارف واحدی نے کہاکہ مالی سال کے آغاز میں بجٹ اس لئے پیش کیا جاتا ہے تاکہ آئندہ مالی سال میں حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے مہنگائی کے جن کو قابو میں رکھا جاسکے، عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، لیکن افسوس یہاں آئے روز منی بجٹ لاکر عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے- انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران سات مرتبہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیاگیا اور اس کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، افسوس حکومت اس سلسلہ میں کسی طور بھی کامیاب ہوتی نظر نہیں آتی- انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ظالمانہ اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے-