چہلم امام حسین ؑ میں شرکت کےلئے دنیا بھر سے لاکھوں کی تعدا دمیں زائرین کربلا پہنچ چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے،،ادھر عراقی سیکورٹی فورسز نے فول پروف سیکورٹی انتظامات کررکھے ہیں اور زائرین کی آمد رفت کے راستوں کو سیکورٹی حصار میں لے رکھا ہے۔
عراق کی وزارت داخلہ کے فوجی مشیر نے کہا ہے کہ ماہ صفر کے آغاز سے اب تک لاکھوں زائرین دنیا بھر سے عراق پہنچ رہے ہیں جنکا مقصد چہلم امام حسین ؑ میں شرکت ہے انکا کہنا تھاکہ زائرین کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے کیونکہ لاکھوں کی تعداد میں ابھی بھی لو گ مختلف راستوں سے پیدل چل کر آرہے ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق سیکورٹی کےلئے ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے جو کہ فضائی نگرانی کررہی ہے اور انکا براہ راست رابطہ کنٹرول رومز سے ہے جہاں سے کربلا کے تمام راستوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
چہلم امام حسین ؑ کے زائرین کی خدمت کےلئے مقامی افراد کی بڑی تعداد اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہی ہے جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے سبیلیں اور کھانے کا وافر انتظام کیا گیا ہے۔
ادھر حضرت عباس ؑ اور حضرت امام حسین ؑ کے روضہ پرانوار پر بھی بڑ ی تعداد میں موجود لوگ اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔