تازه خبریں

گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں آئینی صوبہ بنانے کی جدوجہدجاری رکھیں گے ،قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی

اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبران اور مرکزی عہدیداران کے تین روزہ اہم اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی رکن سیاسی سیل ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی ، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ شیخ مرزا علی ،اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صوبائی صدرو ممبر جی بی کونسل علامہ سید محمد عباس رضوی ، اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر و سابق وزیرپانی و بجلی دیدار علی،اسلامی تحریک پاکستان کے منتخب ممبران قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر محمد علی شیخ ،چیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کیپٹن سکند ر علی ،چیرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن کیپٹن محمد شفیع ،خاتون ممبر ریحانہ عبادی شامل تھے ۔اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان کے عوامی مسائل پرمفصل گفتگو کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔اجلاس میں اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ او ر اسلامی تحریک پاکستان کے تمام ممبران گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر متحدہو کر عوامی خدمت میں کوئی کسراُٹھا نہ رکھیں گے ۔اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علا مہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان پر میری گہری نظر ہے۔ہم نے روز اوّل سے گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی آواز ہر فورم پر بلند کی اورگلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں آئینی صوبہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پرکوئی اثر نہیں پڑے گابلکہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے ملک مزید مضبوط ہو گا۔علامہ ساجد نقوی کا مزیدکہنا تھاکہ آئین پاکستان میں ترمیم کرکے گلگت بلتستان کی عوام کو گزشتہ 70سالوں سے حقوق سے محروم رکھنے کی روش کا خاتمہ کرتے ہوئے آئینی صوبہ بناکر قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی دینے میں دیر نہ کی جائے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سی پیک منصوبے کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے جس کے فوائد سے اس علاقے کی عوام بھر پور طریقے سے بہرہ مند کیاجائے ۔ جی بی میں پاور سیکٹر میں بے شماور مواقع ہیں جنہیں سی پیک میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس منصوبے سے گلگت بلتستان کی عوام کو سہولت دینے کیلئے رابطہ سڑکوں کے جال کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز سکردو،گلگت اور دیامر میں بھی اقتصادی زون بھی قائم کیے جائیں۔ اس سے ملکی استحکام اور یکجہتی کی فضا قائم ہوگی۔ اسلامی تحریک پاکستان سی پیک کے منصوبے کوپاکستان کا تاریخی اور مثالی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔علامہ ساجد نقو ی نے مزید کہاکہ ا سلامی تحریک پاکستان نے عوام سے کئے گئے وعدوں کے مطابق کرپشن کے خاتمے کیلئے آواز اٹھانے کا بیڑہ ایک عرصے سے اٹھایا ہوا ہے اور اس ضمن میں مختلف محکموں میں پیدا ہونے والی بھرتیوں میں میرٹ کی پامالی اورملازمت کیلئے امیدواروں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کی مذمت کرتے ہیں کہ ذمہ داران محکمانہ کارروائی کے ذریعے میرٹ کے خلاف ہونے والی بھرتیوں کا نوٹس لیں اورتمام محکموں میں میرٹ کے مطابق بھرتیاں کرانے کے شفاف عمل کو یقینی بنایا جائے اور جو شخص بھی کرپشن میں ملوث ہے اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ میرٹ کیخلاف ہونے والی بھرتیوں اور امتیازی سلوک کا ازالہ ممکن ہو جائے۔ ایک انتہائی اہم مسئلہ گلگت بلتستان میں زمینوں پر بغیر معاوضہ خالصہ سرکار کے نام پر الاٹمنٹ کیا جانا سراسر غیر قانونی اور جائیداد کے مالکان کے خلاف ظالمانہ اقدام ہے۔ اس مسئلے کو ہنگامی طور پر حل کیا جائے۔ آخرمیں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ پرامن شہری اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو فورتھ شیڈول میں ڈال کر سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے ۔اور پر امن لوگوں کو فورتھ شیڈول لسٹ میں ڈالنے سے گریز کرتے ہوئے جن افراد کے نام فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں ان کے ناموں کو فی الفور خارج کیا جائے۔