قم المقدسہ: دفتر قائد ملت جعفریہ قم المقدسہ کے زیر اہتمام، انقلاب اسلامی ایران کی عظیم الشان کامیابی کی 38 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 22 بھمن، بمطابق 10 فروری بروز جمعہ، دفتر قائد ملت جعفریہ قم میں جشن پیروزی کا انعقاد کیا گیا، جشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کا شرف مولانا سید محمد تقی نے حاصل کیا اور قصیدہ خوان جناب ابوذر جعفری نے انقلاب اسلامی کی پُر افتخار کامیابی کے حوالہ سے اشعار اور کلام پیش کیا، بعدازآں معاون شعبہ زائرین سید ناصر عباس انقلابی صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں انقلاب اسلامی اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی،
پاکستان سے تشریف لائی ہوئی شخصیت علامہ سید اسد زیدی صاحب (صوبائی سیکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل سندھ) نے خطاب کیا اور امام خمینی کی جدوجہد، تحریک انقلاب پر تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا: امام خمینی(رح) کی خصوصیات میں تین امر قابل ذکر ہیں، خدا پر توکل، عوام کا اعتماد اور اعتماد بالنفس شامل ہے جو انقلاب کی کامیابی کا سبب بنا، امام خمینی نے شور شرابہ والا انقلاب نہیں، بلکہ فکری، شعوری اور بصیرتی بنیادوں پر انقلاب برپا کیا، سیکریٹری جنرل صوبہ سندھ نے مزید کہا کہ امام خمینی نہ صرف زمانہ شناس تھے بلکہ حالات کی نبض کو بھی کنٹرول میں رکھتے تھے اس لئے وہ ہر میدان میں سرخرو ہوئے، انہوں نے کہا خوارج نے امام علی (ع) کے مقابلہ میں کہا تھا لاحکم الا للہ اگرچہ نعرہ ٹھیک تھا لیکن ان کی مراد غلط تھی، سادہ اور حقائق کو نہ پرکھنے کی وجہ سے لوگ دھوکے کا شکار ہوئے، جیسے امام علی (ع) اور دیگر اماموں کے کچھ چاہنے والے دشمنوں کی چالوں میں پھنس گئے، آج بھی لوگ ایسے مسائل کا شکار ہیں کیونکہ جب تک عزم و بصیرت نہ ہو، بڑے بڑے سادہ لوح افراد بھی معصومین (ع) کے مقابلہ میں آجاتے ہیں،
علامہ سید اسد زیدی نے کہا قائد محترم آیۃ اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی، امام خمینی کے نمائندہ تھے اور رھبر معظم کے نمائندہ ہیں، قائد محترم اسلامی انقلاب کی تفسیر کا مصداق ہیں، علامہ سید اسد زیدی صاحب نے پاکستان کے حالات، قائد محترم کے پختہ اقدامات اور قومی پلیٹ فارم کی پالیسی بیان کرتے ہوئے کہا ھم ھر میدان میں موجود ہیں اور ناامید نہیں ہیں انشاء اللہ عنقریب مزید بڑی کامیابی ملنے والی ہے.
اپنی گفتگو کے آخری حصہ میں انہوں نے علماء و طلاب کے سوالات کے جوابات دیئے، پروگرام میں علماء، فضلاء اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی، نظامت کے فرائض مہر لیاقت علی سیال نے انجام دیئے.