تازه خبریں

ارض پاک کا دفاع ہر شے پر مقدم ، ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں قائد ملت جعفریہ پاکستان

ارض پاک کا دفاع ہر شے پر مقدم ، ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں قائد ملت جعفریہ پاکستان

ارض پاک کا دفاع ہر شے پر مقدم ، ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں ، علامہ ساجد نقوی
محرم حریت ، جذبہ جہاد اور حق کےلئے ڈٹ جانے کا پیغام دیتاہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان 

 

اسلام آباد/راولپنڈی 5 ستمبر 2019 ء (جعفریہ پریس   )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ محرم الحرام حریت ،جذبہ جہاد اور حق کےلئے ڈٹ جانے کا پیغام دیتاہے، ایام عز ا میں یوم دفاع کے آنے سے ملی جذبے مزید بڑھ گئے ہیں، آج مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کی صورتحال میں دفاع وطن کی ذمہ داری اور بڑھ چکی ہے، ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کا تحفظ بھی کہیں زیادہ ضروری ہے ‘ ملک کی خارجہ پالیسی عوامی امنگوں اور خواہشات کی آئینہ دار ہونی چاہیے‘ ارض پاک کا دفاع و سلامتی اور قومی مفادات ہر شے پر مقدم ہونا چاہئیں‘ ملکی خودمختاری‘ سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، کشمیر وفلسطین کے حوالے سے ریاست کا واضح موقف پوری امہ کےلئے بھی ایک پیغام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی حریت ، جذبہ جہاد اور حق کےلئے ڈٹ جانے واضح اور تاقیامت رہنے والا ابدی پیغام ہے ، ایام عزا میں یوم دفاع کے آنے سے ملی جذبے مزید بڑھ گئے ہیں، آج جہا ں پاکستان بیر ونی دشمن سے جہاں نبرد آزماہے وہیں اندرونی طور پر بھی سازشیں کارفرما ہیں جن کا مقابلہ حکمت و تدبر سے کرنے کی ضرورت ہے، جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ نظریاتی سرحدوں کا تحفظ بھی بہت زیادہ ضروری ہے کیونکہ آج کے دور میں قوم کو تفرقہ میں ڈال کر ، مختلف ایشوز پر منقسم کرکے کھوکھلا کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ، پراپیگنڈہ کیا جارہاہے جس کا تدارک باہمی احترام، اتحاد اور حکمت و تدبر سے ہی کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دفاع وطن کے لئے ملک کے تمام طبقات کو متحد ہوکر یک آواز ہونا ہوگا اور کسی بھی مرحلے پر بیرونی دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا اسی طرح ملک کی داخلی سلامتی‘ امن وامان کے قیام اور دیگر مسائل و مشکلات کے حل لئے بھی ریاستی اداروں کو ٹھوس اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھناہوں گی۔علامہ ساجدنقوی نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں اگر طن عزیز پر کوئی کڑا وقت آیا تو پوری قوم متحد ہوکر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی اور دفاع وطن کے لئے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ ان حالات میں پاکستانی قوم کے لئے یہ بہترین اور سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد و منظم ہوکر عالمی دنیا کو باور کرائیں کہ ہم نہ صرف متحد و منظم قوم ہیں بلکہ ملک کے تحفظ کی خاطر ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت اور عوام دونوں پر لازم ہے کہ لاتعداد قربانیوں اور لہو رنگ جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آنے والے مملکت خداداد پاکستان کی بقاءاور سا لمیت کے لئے مل کر جدوجہد کی جائے اور جس طرح تمام مکاتب و مسلک کی مشترکہ جدوجہد کی بدولت قیام پاکستان عمل میں آیا اسی طرح تعمیر پاکستان میں بھی مل جل کر حصہ لیا جائے۔