تازه خبریں

اسلام آباد:باب العلم امام بارگاہ پر حملہ آوردہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے ،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی

 اسلام آباد:باب العلم امام بارگاہ پر حملہ آوردہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے ،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے قانون کے شکنجے میں جکڑ کر تختہ دار پر لٹکایا جائے، قائد ملت جعفریہ
جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں جمہوری استحکام آسکتاہے اور نہ ہی معاشی طور پر ملک مستحکم ہوسکتاہے۔

اسلام آباد / راولپنڈی29نومبر 2017 (   ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلام آباد میں امام بارگاہ باب العلم سیکٹر آئی ایٹ پر دہشتگردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا کہ دارلحکومت میں دہشتگردی کے واقع کا رونماہو نا تشویش ناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امام بارگاہ پر فائرنگ کرنے والے نامعلوم دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے قانون کے شکنجے میں جکڑ کر تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد باب العلم آئی ایٹ سیکٹر میں دہشتگردی کے واقعہ سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکی کارکردگی عیاں ہو چکی ہے اور اس سے اسلام آباد کے عوام شدید عدم تحفظ کے احساس سے دوچار ہیں اور ریاستی اداروں سے یہ سوال پوچھنے پر مجبور ہیں کہ آخر ارض پاک کو کیوں معصوم اور بے گناہ انسانوں کی قربان گاہ بنادیا گیا ۔آئے روز قتل عام کا سلسلہ جاری ہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے معلوم نہیں کیو ں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ ذمہ داران صرف مذمتی بیانات کی حد تک محدود ہوگئے ہیں جبکہ سانحات کے تدارک کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔اگر قصاص کے قرآنی قانون اور اصول پر عمل پیرا ہوکر اعلی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے قاتلوں اور دہشت گردوں کی سزائوں پر عمل درآمد ہوتا اور وہ تختہ دار پر لٹکائے جاتے تو ایسے واقعات کی روک تھام میں مدد ملتی ۔لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ سزائے موت کیوں نہیں دی جارہی؟ٹارگٹ کلنگ مسلسل جاری ہے لوگ مارے جارہے ہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے ؟۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کرکے ان خاتمہ کیا جانا چاہیے، انہوںنے حکومت پر زور دے کر کہاکہ جلد از جلد حکومت اپنی پالیسی واضح کرے کیونکہ جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں جمہوری استحکام آسکتاہے اور نہ ہی معاشی طور پر ملک مستحکم ہوسکتاہے۔آخرمیںقائد ملت جعفریہ نے شہداء کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے ورثا اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیااور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعاکی ۔