تازه خبریں

’’ ‘‘ قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا پارلیمان کی ذمہ داری، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی

’’وہ جو تاریک راہوں میں مارے گئے ‘‘ قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا پارلیمان کی ذمہ داری،علامہ ساجد نقوی
قائمہ کمیٹی اطلاعات کا اقدام دیر آید درست آید کا مصداق ہے۔افسوس ہمارے معاشرے کا المیہ کہ ہمیشہ حقائق عوام سے مخفی رکھے گئے،قائد ملت جعفریہ پاکستاناسلام آباد5اگست 2016ء (جعفریہ پریس )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پارلیمانی کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کو عوام کے سامنے آنا چاہیئے۔ ہمارے ملک کا المیہ یہ رہا ہے کہ تاریک راہوں میں قتل عام ہوتا رہا ہے لیکن آج تک عوا م کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔حکومتوں اور منتخب اداروں کی ذمہ داری تھی کہ قوم کو حقائق سے آگاہ رکھتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی جانب سے کراچی میں زیر حراست کا ویڈیو بیان منظر عام پر آنے کا نوٹس لینے پر کیا۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اس سے قبل بھی پھانسی کے ایک سزا یافتہ کی ویڈیو منظر عام پر آئی لیکن اس پر کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا،اسی طرح دن دیہاڑے تمام لوگوں کی نظروں کے سامنے ڈی آئی خان جیل توڑی گئی،بے گناہ لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیالیکن کے پی کے حکومت اور ادارے ٹس سے مس نہ ہوئے جیسا کہ کیڑے مکوڑے مارے گئے ہوں۔ اس طرح کے سینکڑوں واقعات ہوئے جن سے ملک تباہ و برباد کردیا گیالیکن کسی کو جنبش تک نہ ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ تاریک راہوں میں لوگ مارے جاتے رہے،قتل عام ہوتا رہا،ٹارگٹ کلنگ اپنے عروج پر رہی،ٹارگٹ کلرز آناً فاناً آتے ہیں ،نشانہ بناتے ہیں اور فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔لیکن معلوم نہیں ہوتا وہ کہاں سے آئے تھے کہاں گئے تھے،نا معلوم افراد کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا رہالیکن آج تک عوام کو حقیقت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے پارلیمانی کمیٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب منتخب ادارے کی قائمہ کمیٹی کو اس جرات مندانہ اقدام پر سٹینڈ بھی لینا چاہیئے تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہی ہوسکے۔ہم ایک عرصہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے،ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ لوگوں کو حقائق کا علم تک نہیں ہوتا یا انتہائی اہم معاملات کو عوام سے مخفی رکھا جاتا ہے۔