تازه خبریں

میونخ :ایران،امریکی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں:ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکہ دھمکیاں دینا بند کردے۔ ایران دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔
جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے بعد بی بی سی کو انٹرویو میں جواد ظریف نے ٹرمپ انتظامیہ پر ایران کو مشتعل اور تنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کے بعد امریکہ نئی پابندیاں لگا کر ایران کو مشتعل کرنا چاہتا ہے۔ جواد ظریف نے خبردار کیا کہ اگر مزید پابندیاں عائد کی گئیں تو ایران جوابی اقدامات کا حق رکھتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران کسی سےمخاصمت پیدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا لیکن وہ اپنا دفاع ضرور کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اُن کا ملک خلیج کی عرب ریاستوں کے ساتھ بھی تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے مذاکرات کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ معاملات کے حل کے لیے دو طرفہ رابطے ضروری ہیں۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے گزشتہ ہفتے خلیجی ریاستوں اومان اور کویت کا دورہ بھی کیا تھا۔ دوہزار تیرہ میں صدر بننے کے بعد روحانی کا ان ریاستوں کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔