وزیراعظم کا ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیرمحمدکو ٹیلیفون
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیرمحمدکو ٹیلیفون کیا اورانہیں انتخابات میں کامیاب ہونے اور وزرات عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پرامن انتخابات اور انتقال اقتدار کے عمل کو سراہتے ہوئے اسے ملائیشیا کےعوام کی پختگی قراردیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کی سربراہی میں انتخابی اتحاد کی کامیابی انکی متحرک اورمتاثر کن شخصیت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
دونوں رہنماؤں نےباہمی تعلقات، کشمیر اورفلسطین سمیت امہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے معیشت ، توانائی،دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نےڈاکٹر مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔