پشاور۔ قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع پشاور اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مرکزی القدس کمیٹی کے زیر اہتمام قبلۂ اول بیت المقدس پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد ہوا ۔ جسکی صدارت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے کی ۔ جلسے میں جے ایس او برادران نے ریلی کی شکل میں شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر، امانت علی چشتی، کربلائی گلزار حسین حیدری، جے ایس او پشاور ڈویژن کے صدر سید علی حیدر کاظمی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے مسلمانوں پر اسرائیل فوج کی جانب سے نصف صدی سے جاری ظلم وستم اور فلسطینی عوام کی نسل کُشی پر عالمی انصاف کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی پر ان اداروں کو فلسطینی عوام کے قتلِ عام میں برابر کا شریک قرار دیا۔ جبکہ امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عرب ممالک کے اجلاس کی صدارت کرنے کے اقدام کو اہل اسلام کو تقسیم کرنے کی صہونی و امریکی سازش کا حصہ بھی قرار دیا۔
مقررین نے اُمید ظاہر کی کہ جس طرح قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر اہل اسلام نے آج یوم القدس منا کر فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا اسی طرح وہ کشمیر، شام، عراق، میانمار اور نائجیریا سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں کے قتلِ عام کو رکوانے اور اُنکے خلاف سازشوں کو خاک میں ملانے کیلئے آوازِ حق بُلند کر کے اپنا دینی و انسانی فریضہ انجام دیں گے۔
آخر پر جے ایس او پشاور ڈویژن کے صدر برادر سید علی حیدر کاظمی نے شرکاء جلسہ کی تائیدی نعروں میں قراردادیں پیش کیں جن میں قبلۂ اوّل پر اسرائیلی قبضے کی مذمت، فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت اور بعض اسلامی ممالک کی بیک ڈور ڈپلومیسی کو مسلم اُمّہ کی کمر میں چُھرا، اسلامی دُنیا میں ہونے والی خونریزی کی مذمت، عزاداری پر درج غیر آئینی اور غیر قانونی ایف آئی آرز کی مذمت، کوئٹہ تفتان کے راستے جانے والے زائرین کو درپیش مُشکلات کی مذمت اور جمعتہ الوداع کے دن ہی کوئٹہ اور پاراچنار کے مومنین پر دہشت گردوں کے خودکُش حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔