بھارت کا مکروہ چہرہ دُنیا نے دیکھ لیا،آزادی کے حصول تک کشمیری عوام کےساتھ ہیں ، شیعہ علماءکونسل پاکستان
قائد ملت جعفریہ پاکستان کے فرمان کے مطابق کشمیریوں کے تشخص، آزادی، حقوق اور جغرافیائی تحفظ کےلئے تمام اختیارات بروئے کار لائے جائیں، بین الاقوامی دباﺅ سے آزاد خارجہ پالیسی مرتب کی جائے ، عارف واحدی کی یوم ِاحتجاج کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو،انڈیا کو اسرائیل اور امریکہ کی مکمل آشیر باد حاصل ہے، سیکرٹری جنرل کا ٹیلیفونک خطاب
اسلام آباد، راولپنڈی، مظفر آبا، کوئٹہ، پشاور، لاہور،کراچی،فیصل آباد، سکھر، جھنگ، ملتان 09 اگست 2019ء(جعفریہ پریس )شیعہ علماءکونسل پاکستان نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کے حکم پر ملک بھر میں ملت جعفریہ نے یوم جمعہ کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے یوم احتجاج کے طور پر منایا، اجتماعات جمعہ، خطبات جمعہ اورریلیوں میں بھارتی مظالم اورہٹ دھرمی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورکشمیری بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قراردادیں بھی منظور کی گئیں ، اِس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام بھی پڑھ سنایاگیا، علامہ عارف واحدی سمیت مرکزی رہنماﺅں نے اجتماعات جمعہ سے براہ راست اور ٹیلیفونک خطاب کئے، علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے آنے کے بعد اسرائیل اور بھارت کو کھلی چھوٹ مل چکی ہے، بھارت بھی ویسے ہی انسانی حقوق کی پامالیاں کررہاہے جیسے اسرائیل نے فلسطینی عوام پر روا رکھی ہوئی ہیں، اُمت ِمسلمہ کو خواب ِغفلت سے بیدار ہونا ہوگا،عالمی برادری کو بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لینا چاہیے، مودی اب گجرات کے بعد کشمیر کا قصاب بن کر اُبھر رہاہے، کشمیریو ں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیںگے ۔
یوم احتجاج کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور شق 35 اے ختم کرنے پر شدید تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ مودی جیسی فاشسٹ حکومت سے کچھ بھی بعیدنہیں، البتہ پاکستان امن کو موقع فراہم کررہا تھا، بھارت نے صرف کاغذی طور پر یہ حقوق دیئے ہوئے تھے حالانکہ وہ تقسیم ہند سے ہی مقبوضہ کشمیر پر نہ صرف قبضہ جمائے ہوئے ہے بلکہ وہاں شہری آزادیوں کی پامالیوں اور گھناﺅنے جرائم میں بھی ملوث ہے، بھارت کا نام نہاد جمہوریت کا لبادہ اب اُترچکاہے جس کی جگہ فاشزم نے لی ہے ، پاکستان کو فی الفور سلامتی کونسل سے رجوع کرتے ہوئے کشمیریوں کے تشخص، آزادی، حقوق اور جغرافیائی تحفظ کےلئے تمام اختیارت بروئے کار لانے چاہئیں ۔ سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل علامہ عارف حسین واحدی نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن کےلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدارحل نکالا جائے،بھارت ہٹ دھرمی اور دہشت گردی کو ترک کرکے پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش پر مثبت رد عمل کا مظاہرہ کرے ۔البتہ یہ بھی یاد رکھے کہ امن کی خواہش پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ ہم ایٹمی قوت ہیں ،کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا، مادرِ وطن کی حفاظت کےلئے ہم بحیثیت قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔