امام بارگاہ پاراچناربم دھماکہ، آپریشن ردالفساد ، نیشنل ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے، علامہ سبطین سبزواری
لاہور( ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مرکزی امام بارگاہ پاراچنار کے باہر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا جاری رہنا آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو خون میں نہلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر ملک میں امن قائم نہیں کیاجاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمتہ اللہ علیہ کے آبائی شہر پاراچنا رمیں دہشت گرد تنظیموں نے بار بار حملے کئے ، جس میں ہزاروں افراد اب تک شہید ہوچکے ہیں۔ حتیٰ کہ پاراچنار کا چار سال تک محاصرہ جاری رہا اور لوگوں کو پشاور جانے کے لئے افغانستان سے گذر کر جانا پڑتا تھا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ محب وطن قوتیں اسلامی رواداری کی حمایتی ہیں کہ شرپسندکسی بھی مذہب و مسلک کے نمائندے نہیں۔ ان ناسوروں کے خاتمے کے لئے کارروائیاں مزیدتیزکرنا ہوں گی۔