تازه خبریں

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا پہلا اجلاسِ عاملہ ملتان میں منعقد مرکزی کابینہ سمیت سالانہ پروگرام کی منظوری

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا پہلا اجلاسِ عاملہ ملتان میں منعقد مرکزی کابینہ سمیت سالانہ پروگرام کی منظوری

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا پہلا تین روزہ مرکزی اجلاسِ عاملہ جامعۃ المخزن العلوم الجعفریہ ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر برادر غضنفر عباس ساجدی نے کی۔ اجلاس میں مولانا سید تنظیم الکاظم گیلانی، علامہ محمد سبطین،مصور نقوی صوبائی جنرل سکریٹری شیعہ علماء کونسل پنجاب، ارکانِ مجلسِ نظارت برادر ساجد رضا تھہیم ، برادر منور ساجدی ،برادر اختر بخاری و دیگر نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا کہ تنظیم کو ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں گے اور قومی قیادت کا پیغام ہر طالبِ علم تک پہنچایا جائے گا۔ برادر غضنفر ساجدی نے پورے ملک سے ارکانِ عاملہ کی بھرپور شرکت کرنے پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شرکت ملتِ جعفریہ کی نمائندہ طلباء تنظیم پر اعتماد کا مظہر ہے۔ ہم طلباء جو کہ قوم کا مستقبل اور رہبرِ شیعانِ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کے بازو ہیںپر انتہائی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے جس کے لیے ہمیں اپنی تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ باہمی اختلافات اور ذاتی انا کو بالائے طاق رکھ کر طلبا کے حقوق کے حصول کے لیے جدو جہد کرنا ہوگی ۔ مرکزی صدر جے ایس او نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بین الاقوامی حالات پر بھی ہماری گہری نظر ہونی چاہیے ، بیت المقدس کواسرائیل کا دارلخلافہ بنانے کے امریکی اعلان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جبکہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کادورہ بھارت خطہ میں عدم استحکا م کا باعث بن سکتا ہے جس پر ہمیں بے حد تشویش ہے۔ اس لیے ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بیت المقدس فلسطین ہی کا دارالخلافہ ہوگا جبکہ اسرائیل کو مشرقِ وسطہ اور ہمارے خطہ میں بھارت کو تھانیدار بنانے کا امریکی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ مرکزی صدر نے تنظیم کے دستور کے مطابق جے ایس او کی مرکزی کابینہ کی منظوری لی جس کے مطابق مرکزی سینئر نائب صدر برادر آفتاب علی خاصخیلی، مرکزی نائب صدر برادر جمیل حیدر، مرکزی جنرل سیکریٹری سید ذیشان حیدر شمسی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری برادر عمران علی، مرکزی فنانس سیکریٹری برادر یاسر علی، مرکزی اطلاعات سیکریٹری برادر رضوان علی ، مرکزی امینِ منتظرین برادر خضر عباس اور مرکزی چیف اسکاؤٹس برادر اخلاق حسین جعفری کے نام شامل ہیں۔ مرکزی صدر برادر غضنفر عباس ساجدی نے مجلسِ عاملہ سے ایک سالا پروگرام کی بھی منظوری بھی لی۔اجلاسِ عاملہ میں تنظیم کی تاریخ کا پہلا امتحان بھی لیا گیا جس کی نگرانی برادر سید علی سجاد نقوی اور برادر سید رضا علی شاہ نے کی۔ تنظیم کا پہلا اجلاسِ عاملہ تین روزجاری رہنے کے بعد دعائے امامِ زمانہ کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔