اتحاد و وحدت کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیں
سربراہ اسلامی تحریک، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی
سربراہ اسلامی تحریک، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی بالخصوص امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کے پیشِ نظر اتحاد و وحدت کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیں اور سوشل میڈیا و عوامی پلیٹ فارمز پر باہمی اختلافات سے گریز و اجتناب اور اخلاقی قدروں کی پاسداری انتہائی ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ذاکر سید عمران حیدر بخاری (گڈو شاہ)، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرید کاظم جعفری اور صوبائی معاون امید علی علوی سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے موجودہ حالات کے تناظر میں اتحاد بین المومنین، مذہبی و تنظیمی حوالوں سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو مفصل رپورٹ پیش کی جس پر علامہ ساجد نقوی نے وفد کی رہنمائی فرمائی۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ وقت کا اہم تقاضا ہے کہ علما و ذاکرین اتحاد و وحدت، احترام و رواداری، تحمل و برداشت اور ہم آواز ہو کر عزاداریِ سید الشہدا، سیرت و اخلاق اہلبیت علیہم السلام کے فروغ و تحفظ کیلئے حسبِ سابق اپنا مثبت و موثر کردار ادا کریں۔
قائد محترم نے صوبائی صدر و کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ ماحول و صورتحال کو سازگار بنانے کیلئے فوری طور پر مثبت، موثر و عملی اقدامات کریں۔