تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی کا شب قدر کے موقع پر پیغام

شب قدر رحمتوں اور مغفرت کی رات ہے: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی

شب قدر رحمتوں کے نزول اور گناہوں کی مغفرت کی رات ہے: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی

شب قدر ماہ رمضان میں عبادتوں کی معراج والی رات ہے، انسان کی زندگی کے فیصلے اسی رات ہوتے ہیں

راولپنڈی / اسلام آباد 12 مارچ 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 23 رمضان المبارک شب قدر کے موقع پر کہا کہ شب قدر رحمتوں کے نزول اور گناہوں کی مغفرت کی رات ہے۔ یہ رات ہزار مہینوں سے افضل ہے جس میں کی گئی عبادت کی مقبولیت اور فضیلت بہت زیادہ ہے۔ قرآن کریم میں مکمل ایک سورہ سورۃ القدر اسی مبارک رات کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد کا ارشاد ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دنوں میں سے جمعہ، مہینوں میں سے ماہ رمضان اور راتوں میں سے شب قدر کو اپنے لیے منتخب فرمایا ہے۔ شب قدر ماہ رمضان میں عبادتوں کی معراج والی رات ہے اور انسان کی زندگی کے بارے میں اہم فیصلے اسی رات کیے جاتے ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امام جعفر صادق سے روایت ہے کہ سال کی ابتدا شب قدر سے ہوتی ہے اور اسی رات آئندہ سال تک ہونے والے امور لکھے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شب قدر کے اہم اعمال میں سے ایک عمل شب بیداری بھی ہے۔ امام موسیٰ کاظم نے فرمایا:
“من اغتسل لیلة القدر واحیاھا الی طلوع الفجر خرج من ذنوبہ”
یعنی جو شخص شب قدر میں غسل کرے اور طلوع فجر تک بیدار رہ کر عبادت میں مشغول رہے وہ اپنے گناہوں سے پاک ہو جاتا ہے۔

آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ روزہ داروں کو چاہیے کہ شب قدر جیسی عظیم اور بابرکت رات میں عبادات بجا لائیں، اپنے نفس کا محاسبہ کریں اور اہل بیتؑ سے منقول عظیم دعاؤں سے استفادہ کریں تاکہ دنیا و آخرت دونوں میں سرخروئی اور نجات کے اسباب میسر ہو سکیں۔