یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے، رہبر انقلاب کی شہادت اور جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جائے: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی
قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم غزہ و فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک کے چپے چپے سے آواز بلند کی جائے
راولپنڈی / اسلام آباد ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 13 مارچ بروز جمعۃ المبارک 2026ء بمطابق 23 رمضان المبارک 1447ھ کو یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے اور رہبر انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور مسلط کردہ ناجائز امریکی سامراج و صہیونی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔ انہوں نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ یوم القدس کے پروگراموں، اجتماعات اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ فلسطینیوں اور ایرانیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا چکے ہیں۔ امریکی سامراج اور صہیونی قوتوں نے جس طرح انسانیت سوز مظالم ڈھائے، قتل عام اور نسل کشی کی، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ اسپتالوں، این جی اوز، صحافیوں اور امدادی سرگرمیوں کو نشانہ بنایا، وہ ان کی درندگی اور سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سامراج اور صہیونی قوتیں اس حد تک سرکش ہو چکی ہیں کہ انہیں بین الاقوامی سرحدوں، قوانین اور چارٹرز تک کی پرواہ نہیں رہی۔ ان مظالم کے خلاف 23 رمضان بروز جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے۔
آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ خطے میں مکمل امن و امان کے قیام، قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق ملنے تک ہمارا یہ احتجاج جاری رہے گا۔