راولپنڈی/اسلام آباد: قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے یوم الارض اور بین الاقوامی سفارتکاری کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام اور کشیدگی کے پائیدار خاتمے کیلئے سفارتکاری ہی واحد مؤثر ذریعہ اور ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کے چارٹر پر من و عن عمل کیا جائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے، تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ بدامنی، ناانصافی اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے تدارک کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی، دہشت گردی، بدامنی اور عالمی خلفشار دراصل عدم مساوات کے نتائج ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف خطوں میں جاری تنازعات عالمی عدم توازن کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر سفارتکاروں کا دن منانے کا مقصد امن، استحکام اور تعاون کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، اور یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ جنگ کے بجائے سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل زیادہ مؤثر اور پائیدار ہوتا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی کے قیام اور عالمی امن کی بحالی کیلئے تمام ممالک کو سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا تاکہ دیرپا استحکام ممکن بنایا جا سکے۔