روز غدیرپر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت کا حامل، ختم نبوت کی بین دلیل، سلسلہ نبوت و رسالت کے بعد ولایت و امامت کے آغاز کا دن ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی
جعفریہ پریس پاکستان : قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی روز غدیر (18 ذی الحجہ) کے موقع پر کہتے ہیں کہ یوم غدیر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی ولایت و امامت کا اعلان سلسلہ نبوت و رسالت کے خاتمے اور ولایت و امامت کے آغاز کی واضح نشاندہی ہے اور ایک سسٹم و نظام کا اعلان ہے۔
آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کے مطابق اس روز عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرنا مقصود تھا کہ وہ اسلام کی حفاظت، تشریح، ترویج اور نفاذ کا مرجع و مرکز علی ابن ابی طالبؑ کو تسلیم کریں، ان کی اطاعت کریں اور تطہیر نظام و معاشرہ کیلئے ان کے بھرپور عملی اقدامات میں ان کا ساتھ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں، حج بیت اللہ کے بعد غدیر جیسے تاریخی میدان میں اس کی تکمیل کا زبان وحی سے اعلان کے بعد ولایت کا اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ ولایت کا اعلان انسان کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یوم غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بناتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں گے۔