تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی امام خمینیؒ کی 37ویں برسی پر پیغام

امام خمینی ؒ کی 37 ویں برسی پر قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

امام خمینیؒ نے عالمی معاشرے کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، علامہ ساجد نقوی
آپ نے نظریہ ولایت فقیہ اور ولی فقیہ کی رہبری میں حکومت اسلامی کا عملی نمونہ پیش کیا

جعفریہ پریس پاکستان : قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کی 37ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ امام خمینیؒ اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت تھے جنہوں نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے عظیم المثال کردار ادا کیا اور اسلامی انقلاب کے ذریعے عوام کو اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی اور اس کا عملی نمونہ پیش کیا جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی 37ویں برسی ہم ایسے عالم میں منا رہے ہیں جب صہیون و سامراج نے ان کے خط پر من و عن گامزن ان کے جانشین حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کو شہید کرکے یہ سمجھا کہ شاید اس طرح انقلاب اسلامی کے اثرات کو روک پائیں گے، لیکن انقلاب اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں باوقار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کے مطابق امام خمینیؒ انبیاءؑ کی روش اور طریقہ کار کے ذریعے انسانوں میں معنوی اور پوشیدہ صفات کو بیدار کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی جدوجہد کے آغاز سے لے کر اپنی زندگی کے آخری لمحات تک میدان عمل میں ایک بہترین مصلح کا کردار ادا کیا نیز قوم کے بحرِ بیکراں کو اپنے عالی اہداف کی طرف رہبری کرتے ہوئے بہترین انداز میں فرائض انجام دیئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پُرثمر زندگی سے اقوام عالم کو یہ درس ملتا ہے کہ اپنے اندر خود اعتمادی اور تبدیلی کے جذبے کو مزید تقویت دیں تاکہ سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے قوم و ملت کی ترقی و وقار کا باعث بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کی عظیم شخصیت نے جہاں ایران کے عوام کو قدیم زمانے سے چلے آنے والے فاسد بادشاہی نظام سے نجات بخشی وہیں پوری دنیا کیلئے ایک مشعل راہ کی حیثیت سے افق عالم پر نمودار ہوئی جس نے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں روشنی کی شمع روشن کر دی۔ اس وقت کوئی یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ کوئی ایسی تحریک بھی ہو سکتی ہے جو نہ مشرق سے وابستہ ہو اور نہ مغرب سے۔ اس فضا میں انقلاب اسلامی “لا شرقیہ ولا غربیہ” کے نعرے کے ساتھ اپنی کامیابی کی منزل کی جانب رواں دواں ہوا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امام خمینیؒ کے دیئے ہوئے نظام مملکت اور معاشرت کے بعد عالمی سطح پر موجود اس پروپیگنڈے کا خاتمہ ہوا کہ اسلام کے پاس مملکت چلانے یا عصر جدید کے تقاضوں کے مطابق کوئی لائحہ عمل یا نظام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کا عملی نمونہ پیش کرکے دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ہر شعبۂ زندگی کیلئے نظام عمل موجود ہے۔ اقوام عالم کو ان کی شخصیت سے رہنمائی لیتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے مظلوم عوام ظلم کی چکی سے نکل سکیں

امام خمینی کی 37 ویں برسی اسلام آباد میں منعقد ہوئی دیکھیں