قائد ملت جعفریہ پاکستان: سامراج و صہیون کے مظالم، بچے اور ماحول دونوں غیر محفوظ
جنگ، بارود، بلاجواز جارحیت اور غیر مساوی اقدامات نے کرۂ ارض کو تباہی سے دوچار کردیا، بین الاقوامی ایام پر پیغام
اسلام آباد، 04 جون 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں ایک عمومی تاثر پایا جاتاہے کہ بچے سانجھے ہوتے ہیں مگر افسوس سامراج، صہیون بچوں پر بھی بلاتخصیص ظلم و ستم روا روکھے ہوئے ہیں، غزہ سے لبنان، تہران سے دمشق تک جارحیت، ظلم کے شکار بچے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کے لئے بڑا چیلنج ہے، ماحولیاتی آلودگی بھی غیر مساوی اقدامات کے باعث بڑھ رہی ہے، جنگ، بارود اور بلا جواز جارحیت نے کرئہ ارض کو تباہی سے دوچار کردیا۔
ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 4 جون کو جارحیت کے شکار بچوں، 05 جون کو عالمی ماحولیاتی دن سے منسوب ایام پر اپنے پیغامات میں کیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ یہ ایک عمومی تاثر کہ بچے سانجھے ہوتے ہیں مگر ایران کے میناب سکول سے لے کر غزہ کی پٹی میں چرچ کے بچوں تک، بیروت سے دمشق کے نونہالوں تک کون سی جگہ ہے جہاں سامراج، صہیون نے بلا تخصیص ظلم و ستم اور قیامت بچوں پر نہ ڈھائی ہو۔
یہ مظالم، یہ جارحیت اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی بے بسی کی تصویر کیساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمی طاقتوں کے لئے چیلنج ہے کیونکہ آج بھی یہ ظلم و جور جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جارحیت کے شکار ممالک خصوصاً ایران، لبنان، فلسطین اور دمشق کے بچوں کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعا بھی کی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی ماحولیات کے یوم پر اپنے پیغام میں کہاکہ ماحولیاتی آلودگی ایک بڑھتا ہوا بین الاقوامی مسئلہ بن چکاہے، آج گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جنگلات کا کٹاؤ، پہاڑوں کا کٹاؤ، پانی کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹیں، آبادیوں کے نام پر کنکریٹ کے پہاڑ کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر غیر مساوی اقدامات بھی ماحولیات پر مضر اثرات مرتب کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ، بارود اور بلا جواز جارحیت نے کرئہ ارض کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، جب تک عالمی سطح پر مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے جاتے اس وقت تک فقط ایام ایک نمائشی اقدام سے زیادہ کچھ نہیں ہونگے۔