تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی محرم الحرام 1448ھ میں مجالس و جلوس ہائے عزا کے بلا رکاوٹ انعقاد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے

مجالس و جلوس کے انعقاد کو بلا رکاوٹ آزادی کے ساتھ یقینی بنایاجائے وزیر اعظم ، صدر مملکت گورنر وزراء کو خطوط جاری

مجالس و جلوس کے انعقاد کو بلا رکاوٹ آزادی کے ساتھ یقینی بنایاجائے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز، صوبائی انتظامیہ کو الگ الگ خطوط ارسال

یکم تا 10 محرم الحرام محدودیت سے گریز، بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی بنایا جائے، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز نشر اور خصوصی ضمیمے شائع کیے جائیں

اسلام آباد / راولپنڈی 16 جون 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ ارباب اختیار محرم الحرام میں مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقاد کو بلا رکاوٹ آزادی کے ساتھ یقینی بنانے کے اقدامات جاری کریں۔ محرم و صفر المظفر کے ایام کو لوڈشیڈنگ فری ایام بھی قرار دیا جائے تاکہ نہ صرف عقیدت مند شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کر سکیں بلکہ دہشت گردی و تخریب کاری کو ناکام بنانے میں بھی یہ عمل معاون ثابت ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی وزیر مذہبی امور، صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز، صوبائی انتظامیہ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو الگ الگ خطوط کے ذریعے آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1448ھ اور صفر المظفر کے اہم امور کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا اور عالم اسلام کی طرح پاکستان میں بھی تمام مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگ بلا تفریق مذہب و مسلک امام انسانیت، نواسہ رسولؐ اور ان کے رفقاء کو اپنے اپنے انداز میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی یاد مناتے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف انداز میں مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کا انعقاد ملک کے طول و عرض میں ہوتا ہے۔

انہوں نے متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقاد کی بجاآوری یقینی بنائی جائے۔ یکم محرم تا 10 محرم الحرام امام عالی مقامؑ، شہدائے کربلا اور فلسفہ کربلا کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز اور پرنٹ میڈیا پر خصوصی کالمز، مضامین اور خصوصی ضمیموں (سپیشل ایڈیشنز) کی سابقہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور محدودیت سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان ایام میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ایک طرف عقیدت مندانِ شہدائے کربلا بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کر سکیں اور دوسری جانب دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے میں بھی یہ عمل معاون ثابت ہو سکے۔