اسلام آباد: پاکستان بھر میں یومِ عاشورہ 10 محرم الحرام 1448ھ کے مرکزی و ذیلی جلوس، مجالسِ عزا اور دیگر عزاداری کی تقریبات پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں لاکھوں عزاداروں نے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مجالس اور جلوسِ عزا میں بھرپور شرکت کی۔
ملک بھر میں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی منازل پر پہنچے، جبکہ مجالسِ عزا بھی اختتام پذیر ہوئیں۔ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز، بلدیاتی اداروں اور رضاکار تنظیموں نے عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں۔
علمائے کرام، ذاکرین اور مذہبی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو حق، عدل، آزادی، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی لازوال مثال قرار دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کو اتحاد، اخوت، رواداری اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
ملک بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور مجالسِ عزا میں وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، امن و استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور شہدائے کربلا کے عظیم مشن پر ثابت قدم رہنے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔