علامہ سید ساجد علی نقوی سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید واجد علی گیلانی کی ملاقات
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر سید واجد علی گیلانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سید واجد علی گیلانی ایڈووکیٹ نے سانحہ جامع مسجد خدیجہ الکبریٰ ترلائی اسلام آباد پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مسجد خدیجہ الکبریٰ پر ہونے والے خودکش حملے کو قومی المیہ قرار دیا اور ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر تشویش ظاہر کی۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کے لیگل ایڈوائزر سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
سید واجد علی گیلانی نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اور اس کا مؤثر سدباب ناگزیر ہو چکا ہے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ یا مسلکی اختلافات کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہم نے ہمیشہ امن، اتحاد بین المسلمین اور وحدت اُمت کی بات کی ہے اور اسی راستے پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا امن خراب کرنے والے چند گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔