یوکرین جنگ، غزہ کی تباہی اور افریقی ممالک میں قتل عام کو انسانیت کی بڑی ناکامیاں قرار
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے افریقی یونین اور یورپی یونین کی ساتویں سالانہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روس کا حملہ گزشتہ ایک نسل کی بدترین یورپی جنگ ہے جس نے لاکھوں شہریوں اور عالمی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی اور انسانی جانوں کا ضیاع انسانیت کی “سب سے بڑی شکست” کے طور پر تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ گوتریش کے مطابق سوڈان، جنوبی سوڈان، لیبیا، مالی اور ڈی آر سی میں جاری قتل عام دنیا کے لیے دردناک یادگاریں بن چکی ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا کہ دنیا تیزی سے انتشار کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں ظلم، ناانصافی اور طاقت کے غلط استعمال میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو دو طاقتوں کے زیراثر بلاک کی سیاست نہیں بلکہ ایک مضبوط کثیر قطبی نظام (Multipolar Order) کی ضرورت ہے جس سے تجارت، ترقی، سیاست اور مالیاتی استحکام بہتر ہوسکے۔
اسلامی نقطہ نظر سے گوتریش کا یہ مؤقف عالمی عدل کے اُن اصولوں کی یاد دہانی بھی ہے جو قرآن مجید اہلِ ایمان سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ ظلم کے خلاف کھڑے ہوں، مظلوم کی حمایت کریں اور زمین میں امن کے قیام کے لیے کوشش کریں۔