آیت اللہ محمد حسین نجفی کی علمی و ملی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی
قرآن مجید کی تفسیر سمیت مختلف علوم میں مرحوم کی کاوشوں کے علمی و ادبی حلقے معترف ہیں، تیسری برسی پر پیغام
راولپنڈی/اسلام آباد، 21 اگست 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مفسرِ قرآن اور سلطان المدارس سرگودھا کے سرپرستِ اعلیٰ مرحوم آیت اللہ علامہ محمد حسین نجفی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی علوم کی ترویج اور ملی جدوجہد میں فعال اور نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیت کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ محمد حسین نجفی دینی و ملی پلیٹ فارم سے وابستہ رہے اور علامہ مفتی جعفر حسینؒ کی وفات کے بعد شیعیانِ پاکستان کی قیادت کے انتخاب کے لیے مرکزی کونسل کی تکمیل میں دیگر شخصیات کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرزمینِ پاکستان میں قرآن مجید کی تفسیر سمیت مختلف علوم کے میدان میں آیت اللہ محمد حسین نجفی مرحوم کی علمی و تحقیقی کاوشوں کے علمی و ادبی حلقے معترف ہیں۔ مرحوم نے میدانِ خطابت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دینی، مذہبی و ملی خدمات کے حوالے سے ان کی ایک طویل فہرست ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ آیت اللہ محمد حسین نجفی مرحوم نے اپنی علمی و دینی زندگی میں اسلامی علوم کی ترویج، تعلیم و تدریس اور ملی امور کے حوالے سے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ان کی علمی و ملی جدوجہد کے حوالے سے ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم آیت اللہ محمد حسین نجفی کے لیے بلندیِ درجات اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے ان کے پسماندگان، شاگردان، ارادتمندان اور عقیدت مندوں سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر و اجر اور توفیقاتِ خیر کی دعا کی۔