تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی کا عید الفطر کے موقع پر پیغام

عید الفطر 1447ھ: عید سادگی سے منانے کی اپیل قائد ملت علامہ ساجد نقوی کا پیغام پڑھیں

عید الفطر 1447ھ: اتحاد، اصلاحِ معاشرہ اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل کا عزم کریں، علامہ سید ساجد علی نقوی

غربت، مہنگائی اور بدامنی جیسے مسائل پر قابو پانا ضروری، عید سادگی سے منانے کی اپیل

راولپنڈی / اسلام آباد 19 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الفطر 1447ھ کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال عید کا سورج اپنی روایت کے مطابق طلوع ہوتا ہے، لیکن قوم کو بدستور غربت، جہالت، مہنگائی، بے روزگاری، معاشرتی و تعلیمی مسائل، بیماریوں، جرائم، بدامنی اور بالخصوص انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہمیں اتحاد جیسے قرآنی و نبوی فریضے کی طرف رہنمائی کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس جذبے کو آئندہ عید تک اسی خلوص اور ولولے کے ساتھ برقرار رکھا جائے۔ عید ہمیں اپنی ذات اور معاشرے کی اصلاح اور ایک عادلانہ نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کا درس بھی دیتی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہمیں یہ عزم دہرانا ہوگا کہ ہم عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جن میں بیت المقدس پر قبضہ، غزہ کی صورتحال اور کشمیر کے حالات سرفہرست ہیں۔ دنیا بھر میں جاری آزادی و حریت کی تحریکوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ انقلاب اسلامی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، ان کے خاندان اور ساتھیوں کی مظلومانہ شہادت اور مسلط کردہ جنگ کے باعث اس سال عید الفطر سادگی سے منائی جائے گی۔

آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک بھر کے علماء کرام اور خطباء سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر کے خطبات میں امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر مذمتی قراردادیں منظور کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کریں۔