جمعة الوداع 1447ھ: عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرائیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
بیت المقدس، غزہ اور کشمیر کے مسائل امت مسلمہ کی اولین ترجیحات ہیں، عید الفطر سادگی سے منانے کی اپیل
راولپنڈی / اسلام آباد 19 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جمعة الوداع 1447ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں یہ عزم دہرانا ہوگا کہ ہم عالم اسلام کے اہم مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جن میں بیت المقدس پر قبضہ، غزہ کی ناگفتہ بہ صورتحال اور کشمیر کی سوگوار فضا سرفہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جاری آزادی و حریت کی تحریکوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور امت مسلمہ کو ان چیلنجز کا مقابلہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کرنا ہوگا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے توقع کا اظہار کیا کہ انقلاب اسلامی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، ان کے خاندان اور ساتھیوں کی مظلومانہ شہادت اور مسلط کردہ جنگ کی تباہ کاریوں کے باعث اس سال عید الفطر سادگی سے منائی جائے گی۔
انہوں نے ملک بھر کے علماء کرام اور خطباء سے اپیل کی کہ وہ جمعۃ الوداع کے خطبات میں امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، ان کے خاندان اور ساتھیوں کی شہادت پر مذمتی قراردادیں منظور کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کریں۔
آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو موجودہ حالات میں اتحاد، بیداری اور عملی اقدامات کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔