شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات
راولپنڈی( جعفریہ پریس پاکستان ): قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل کے اندرونِ سندھ، ڈی آئی خان اور بھکر کے دوروں، عوامی اجتماعات اور مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے حوالے سے قائد محترم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈی آئی خان کے ضلع پہاڑپور میں سی آر بی سی نہر کے بند ٹوٹنے کے باعث زیرِ آب آنے والے مختلف علاقوں کے متاثرین سے ملاقات، ان کے دکھ درد میں شرکت اور متاثرین کی داد رسی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سے بھی قائد محترم کو آگاہ کیا گیا۔
ملاقات میں بھکر میں شہید رہبر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اعلیٰ اللہ مقامہ کے تعزیتی ریفرنس کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل ضلع بھکر کے زیر اہتمام منعقدہ اتحادِ امت کانفرنس کے تاریخی اجتماع کے بارے میں بھی قائد محترم کو آگاہ کیا گیا، جسے انہوں نے سراہا۔
ملاقات کے دوران ملک بھر میں تنظیمی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور مسائل کے حل کے لیے مختلف اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔ قائد محترم نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور ان کی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید اقدامات کے حوالے سے رہنمائی بھی فرمائی۔
مرکزی وفد نے آیت اللہ العظمیٰ حضرت موسیٰ شبیری زنجانی اعلیٰ اللہ مقامہ کی رحلت پر قائد محترم سے تعزیت بھی کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی جانب سے جاری فلاحی، تنظیمی، سیاسی اور سماجی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔


