قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیتی ملاقاتوں اور پیغامات کا سلسلہ جاری
راولپنڈی/اسلام آباد: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی زوجہ محترمہ کے انتقال پر ملک بھر میں غم و افسوس کی فضا قائم ہے۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ مسجد و امام بارگاہ الصادق میں ادا کی گئی جس میں علماء کرام، مذہبی و سیاسی رہنماؤں، مختلف مکاتب فکر کی شخصیات، کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ میں مرحومہ کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
جعفریہ پریس پاکستان فیسبک دیکھیں
مرحومہ کی دوسری نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں ملہووالی، پنڈی گھیپ ضلع اٹک میں ادا کی جائے گی جہاں تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر اہل علاقہ سمیت مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی زوجہ کے انتقال پر مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی، قومی اور بین الاقوامی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تعزیت کرنے والوں نے قائد محترم سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ مختلف وفود نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خدمت میں حاضر ہو کر اظہارِ تعزیت کیا اور اس سانحہ کو قومی و مذہبی حلقوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
علماء کرام اور رہنماؤں نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم قائد محترم کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔








