علامہ سید ساجد علی نقوی سے خواجہ سلمان رفیق کی ملاقات، رہبر معظم کی شہادت پر اظہارِ تعزیت
اسلام آباد / راولپنڈی ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے صوبائی وزیر پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ملاقات کی اور رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید سید علی خامنہ ای عالم اسلام کی ایک عظیم اور نڈر شخصیت تھے جو فلسطین، غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز تھے۔
ملاقات کے دوران خواجہ سلمان رفیق نے قائد ملت جعفریہ پاکستان سے کہا کہ آپ نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کی بات کی ہے جس سے تمام مسالک کے درمیان مثبت پیغام جاتا ہے۔
اس پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ملک میں تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے اور پاکستان فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر ایسے ہیں جو ملک کا امن خراب کرنے اور حالات کو بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے گروہوں کو کنٹرول میں رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ قبل ایک اجلاس بلایا گیا تھا جس میں تقریباً 30 مسالک کی جماعتوں کے سربراہان نے شرکت کی تھی۔ اسی طرح ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے پلیٹ فارم پر بھی تمام مکاتب فکر کے نمائندے شریک ہیں اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ ہمارا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں ہمارا تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔
ملاقات کے موقع پر محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالرؤف سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔



