تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی کا آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے متعلق بیان

مجلس خبرگان کا فیصلہ مثبت ثابت ہوگا، آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سازشیں ناکام بنائیں گے: ساجد نقوی

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دنیائے اسلام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے: علامہ سید ساجد علی نقوی

راولپنڈی / اسلام آباد، 9 مارچ 2025ء (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مجلس خبرگان رہبری کے فیصلے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دنیائے اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور اسلامی نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی قوم کے ساتھ پوری امت مسلمہ کو متحد کرنے کا عظیم فریضہ انجام دیا۔ انقلاب اسلامی ایران کے نظام کو جڑوں تک مضبوط اور محفوظ بنایا، جس کے باعث یہ نظام مسلسل بیرونی سازشوں اور حملوں کے باوجود کامیابی کے سفر پر گامزن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ عالمی امور پر گہری دسترس رکھنے والے رہبر شہید کے فرزند آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اسلام کی توانا آواز ثابت ہوں گے اور اسلامی نظام کو مزید مستحکم بنا کر اسلام کے خلاف صہیونی و سامراجی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی عظیم شہادت کے بعد دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں سمیت امت مسلمہ غم و غصہ کی کیفیت میں مبتلا ہوئی۔ اسلام اور ایران کے لیے ان کی 37 سالہ خدمات زبان زد عام ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت نے سامراج، استعمار اور صہیونی عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ روح اللہ خمینی کی رحلت کے بعد جس طرح شہید رہبر نے ایرانی عوام کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کی سربلندی کے لیے شب و روز محنت کی، اس کا اثر ان کی مظلومانہ شہادت کے بعد پوری دنیا میں غم و سوگ کی صورت میں سامنے آیا۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای جیسی عظیم شخصیت کے بعد جانشینی کا مرحلہ یقیناً نہایت حساس تھا، خصوصاً ایسے وقت میں جب سامراجی قوتوں اور صہیونی طاقتوں کی جانب سے مسلسل حملے اور دباؤ جاری ہیں اور سرزمین کے دفاع کا فریضہ بھی انجام دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس خبرگان رہبری نے شہید رہبر کے فرزند صالح، عالمی امور پر گہری نظر رکھنے والے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا متفقہ انتخاب کر کے اس مشکل مرحلے کو بہترین انداز میں حل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے شہید والد کی تربیت اور رہنمائی کے باعث وہ اس بڑی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھائیں گے اور اپنی علمی شخصیت اور دوراندیشی کے ذریعے انقلاب اسلامی ایران کے نظام کو مزید مضبوط کرتے ہوئے عالمی استکبار کی دنیائے اسلام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہیں گے۔