جشن منانے کے ساتھ سیرت طیبہ پر عمل ضروری، قائد ملت جعفریہ
سیرتِ طیبہؐ اُمتِ محمدیؐ اور پوری انسانیت کے لیے نمونۂ عمل ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی
قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لیے ہمیں سیرتِ رسول اکرمؐ سے استفادہ کرنا ہوگا، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی/اسلام آباد، 25 اگست 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیرتِ طیبہؐ اُمتِ محمدیؐ اور پوری انسانیت کے لیے نمونۂ عمل ہے۔ میلادِ خاتم الانبیاءؐ کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لیے ہمیں سیرتِ رسولِ اکرمؐ سے استفادہ کرنا ہوگا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ حیاتِ طیبہؐ اور سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ پیغمبر اکرمؐ کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیا جائے اور نظام میں موجود خامیوں کو درست کرتے ہوئے ملک کو ایک فلاحی مملکت بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم سب کا ایک خدا، ایک رسولؐ، ایک قرآن، ایک کعبہ اور بہت سے مشترکات پر ایمان ہے تو فروعی نوعیت کے اختلافات میں علمی سطح، مہذب انداز اور شائستگی کی عادت اپنانی چاہیے اور تمام مسالک کے مقدسات کی توہین سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عوام اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے مابین وحدت و یگانگت پیدا کرکے مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ملتِ اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست عناصر پر واضح کرنا ہوگا کہ وہ مسلمانوں کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔