پاکستان بھر میں امام حسن عسکریؑ کی شہادت اور ایامِ عزا کے اختتام کے موقع پر عزاداری کے جلوس منعقد کیے گئے، جن میں عزادارانِ امام حسینؑ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف شہروں میں نکالے جانے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔
جلوسوں میں نوحہ خوانی، ماتم اور عزاداری کے دیگر پروگرام جاری ہیں، جبکہ شرکائے جلوس امام حسن عسکریؑ کی شہادت پر بارگاہِ اہل بیتؑ میں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر عزاداران کے لیے سبیلوں، لنگر اور دیگر سہولیات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ایامِ عزا کے اختتامی جلوسوں میں شریک عزاداران کا کہنا ہے کہ شہادتِ امام حسن عسکریؑ کی یاد اور پیغامِ اہل بیتؑ سے وابستگی ان کے ایمان و عقیدے کا اہم حصہ ہے۔ عزاداران نے پرامن انداز میں عزاداری جاری رکھنے اور مذہبی روایات کو زندہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔