راولپنڈی: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے مختلف مذہبی و سیاسی وفود کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جنہوں نے رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
اسماعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر وزیر گلگت بلتستان جناب راجہ شہباز نے ملاقات کی اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ کی شہادت پر تعزیت کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے مقامی مسائل اور موجودہ حالات پر گفتگو ہوئی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے حالیہ احتجاج میں انتظامیہ کے رویے اور مظاہرین پر ایف آرز کے اندراج پر تشویش کا اظہار کیا۔
راولپنڈی میں صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب مولانا سید اشتیاق حسین کاظمی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور رہبر انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور شہداء کے بلندی درجات کی دعا کی۔ وفد میں سید حاکم علی بخاری، سید اصغر علی بخاری، سید جابر حسین کاظمی، سید محمد علی نقوی اور جناب نعیم الحسن شریک تھے۔ قائد محترم نے ملک میں شہادتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور وفد کی گزارشات پر مختلف امور میں رہنمائی کی۔
سابق گورنر گلگت بلتستان جناب راجہ جلال نے بھی ملاقات کی اور شہادت پر تعزیت پیش کی۔ وفد میں رکن اسلامی تحریک جناب راجہ محمد اعظم اور سید عون ساجد نقوی سمیت دیگر افراد شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کے موجودہ حالات اور احتجاجات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ملک میں جاری احتجاج کے دوران شہید ہونے والے افراد کے لیے دعا اور بے گناہ افراد کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا۔
اسی سلسلے میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور رہبر انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیت کی۔ وفد میں سید امجد زیدی سابق وزیر تعمیرات، شہزاد آغا سابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان سمیت دیگر افراد شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور احتجاجات پر گفتگو ہوئی جبکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہداء کے بلندی درجات کی دعا اور بے گناہ افراد کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا۔




