تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی کی ایرانی سفیر امیر رضا مقدم سے ملاقات اور رہبر معظم کی شہادت پر تعزیت

قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کی ایرانی سفیر سے ملاقات، رہبر معظم کی شہادت پر تعزیت

سامراج رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ زندگی سے خائف تھے، علامہ سید ساجد علی نقوی۔

انقلاب اسلامی ایران نے رہبر معظم کی بصیرت سے دنیا کو روشن جہتوں سے ہمکنار کیا، ایرانی سفیر سے ملاقات۔

رہبر کی شہادت سے عالم اسلام میں پیدا ہونے والا خلا مشکل سے پر ہو گا، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانہ کا دورہ کیا اور ایرانی سفیر امیر رضا مقدم سے ملاقات کی اور رہبر المسلمین جہان حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اعلی اللہ مقامہ کی شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ اور جی بی کے سابق وزیر محمد علی قائد بھی موجود تھے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے تعزیتی کلمات میں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اعلی اللہ مقامہ کی دینی، علمی، سیاسی قیادت کو اہل اسلام کی مدبرانہ اور بابصیرت قیادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم ایک مدبر و مفکر، حکیم و دانا اور جری و شجاع شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا میں نظام انقلاب اسلامی کے ذریعے چار چاند لگائے جس سے انقلاب کی روشنی دنیا کے کونے کونے میں پھیلنے لگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کی یہی کامیابی سامراج کو ایک آنکھ نہیں بھاتی تھی اور انہیں سید و سالار کی طاہرانہ زندگی سے خطرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کی مظلومانہ مگر باعث عز و افتخار شہادت سے عالم اسلام بالخصوص متضعفین جہان ایک ہمدرد، مدبر و مفکر نگہبان اور مجاہد اعظم سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید اسلام رہبر معظم کے جانے سے عالم اسلام میں پیدا ہونے والا خلا مشکل سے پر ہو گا، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح ان کی زندگی میں انقلاب اسلامی پروان چڑھا، ان کی شہادت سے انقلاب کے مزید خد و خال روشن ہوئے ہیں اور نظام انقلاب اسلامی ایران اس شہادت سے مزید مضبوط و توانا ہو گا۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کے تعزیتی کلمات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رہبر معظم کی بابصیرت انقلابی قیادت نے انقلاب اسلامی ایران کو دوسروں کے مقابل ممتاز و سرفراز رکھا ہے اور آئندہ بھی پرچم انقلاب اسلامی ایران سر بلند و سرفراز رہے گا۔