فلسطین کی وزارت خارجہ نے غرب اردن میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کے بل کی منظوری کی مذمت کی ہے،،فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل کے ان اشتعال انگیز اقدامات کا نوٹس لینا چاہئے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے صیہونی کابینہ کی قانون ساز کمیٹی میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے اور اس کے الحاق کے بل پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے خود مختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کی کوششیں ناکام ہوجائیں گی-
یہ بھی جانئیے: فلسطینیوں کی زمین پر یہودی آبادکاری پر امریکہ کی تشویش
فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی زمینوں پرصیہونی کالونیوں کی تعمیر اور بیت المقدس کو یہودیت کا رنگ دینے کے باعث صیہونیوں کے اندر غاصبانہ قبضہ جاری رکھنے کی ہمت بڑھی ہے-
فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو صیہونی حکومت کے اقدامات کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہئے،واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی کابینہ کی قانون ساز کمیٹی نے غرب اردن میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کے نسل پرستانہ قانون کی منظوری دی ہے۔