مفتی تقی عثمانی پر حملہ دوبارہ بدامنی‘ انارکی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش ہے علامہ عارف واحدی
اسلام آباد 22 مارچ 2019ء( جعفریہ پریس) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تشویش ناک امر قرار دیا ہے
کراچی میں ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں دو محافظین کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مفتی تقی عثمانی پر حملہ آوروں اور انکے سرپرستوں کو قانونی شکنجہ میں جکڑ کر قرارواقعی سزا دی جائے۔علامہ عارف واحدی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے کہاکہ قائد ملت جعفریہ نے شہر قائد میں ایسا افسوسناک واقعہ دوبارہ بدامنی‘ انارکی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش ہے ایسی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کے پس پردہ محرکات سامنے لانے اور اس میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے- انہوں نے کہاکہ مفتی تقی عثمانی پر حملہ اتحاد و وحدت کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے-انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔