جعفریہ پریس – دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نمائندہ ولی فقیہ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی شعبہ قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین سید مسرت اقبال زیدی نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی مناسبت سے اپنے ایک تعزیتی بیان میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی تنظیمی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی عظیم قومی و تنظیمی خدمات کوجتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائےکم ہے، شہید کی خدمات نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے، شہید کی عظمت یہ تھی کہ آپ علمی و فکری لحاظ سے مضبوط و پختہ انسان تھے ، تنظیمی امور ہوں یا شخصی ، اخلاقیات کے پہلو کو ہرگز فراموش نہ کرتے تھے ۔ نوجوانوں میں ولایت فقیہ کےسسٹم کو متعارف کرنا ہو یا امریکہ مردہ باد کے شعار کو ، اپنے مقدس ہدف سےہر صورت عقب نشینی نہ کرتے تھے۔ مختلف اعزاز حاصل کرنے والی یہ محبوب شخصیت ، شہادت کا بالامرتبہ پانے تک نظام ولایت فقیہ سے منسلک رہے۔ اس عظیم سرمایہ ملت نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی شہادت کے بعد بھی نظام ولایت فقیہ کے دامن کو تھامے رکھا اور قائد ملت جعفریہ نمائندہ ولی فقیہ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اطاعت و پیروی کرتے ہوئے رہبریت و قیادت کے نقش قدم پہ چلتے رہے۔ آج ملت کے تمام جوان اس ہی راستہ پر گامزن ہیں جس ولائی راستہ کا انتخاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے کیا تھا۔