اسلام آباد:صدرممنون حسین اورترک صدرکےدرمیان ملاقات
پاکستان اورترکی نےتجارت اوردفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پراتفاق کیا ہے ۔ایوان صدراسلام آباد میں صدرممنون حسین اورصدررجب طیب اردوان نےملاقات میں مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پرزوردیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اورعالمی امورپربات چیت کی۔دونوں صدورنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کیا اوراس بات پرزوردیا کہ بھارتی بربریت کےان واقعات کی تحقیقات اقوام متحدہ کے تحت ہونی چاہئیں۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرجارحیت اورجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پرزوردیا ۔ صدر مملکت نے نیو کلیئرسپلائیر گروپ میں پاکستان کی رکنیت کے معاملے پر ترکی کی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئےمشترکہ کوششیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان طویل المدتی دفاعی تعاون کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جانی چاہیے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ ترک عوام اپنے عزم سے دہشت گردوں کو بہت جلد شکست دیں گے ۔ ترک صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ، پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے عزم کی تعریف کی۔ دونوں ممالک نےسفارتی تعلقات کی ستر سالہ تقریبات بھر پور طریقے سے منانے پر اتفاق کیا ۔ صدر مملکت نے ترک ہم منصب کو پاکستان چین اقتصادی راہداری پر ہونے والے پیش رفت سے آگاہ کیا جس پرمہمان صدرنے مسرت کا اظہارکیا ۔ اس سے پہلےترک صدررجب طیب اردوان ایوان صدرپہنچے تو صدرممنون حسین نے مرکزی دروازے پرآکر معززمہمان کاپرجوش استقبال کیا۔مہمانوں کو روایتی اندازمیں گلدستے پیش کیے گئے ۔