امام جعفر صادق ؑ تمام علوم کے منبع ومرکز تھے،قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی
علم و اسلام سے عقیدت رکھنے والے انسان حضرت امام جعفر صادق ؑ کے علوم، کردار، سیرت اور اصولوں کا مطالعہ کریں،قائد ملت جعفریہ
آپ ؑ کے شاگردوں میں بہت سے نامورشخصیات شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے ادوار میں اپنے شعبے کے حوالے سے عوام کی رہنمائی میں نام پید اکیا
راولپنڈی /اسلام آباد 24 اپریل 2025 ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا ہے کہ امام ششم حضرت امام جعفر صادق ؑ کے یوم شہادت 25 شوال المکرم کی مناسبت سے پیغام میں کہا ہے کہ امام تمام علوم کے منبع ومرکز تھے آپ کے وضع کئے ہوئے قواعد اور اصول آج بھی تمام مسالک اور مکاتب فکر کے لیے رہنماء کی حیثیت رکھتے ہیں، آپ کے علوم سے ہر علم دوست اور شعور کے حامل انسان نے استفادہ کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آپ نے اپنے والد گرامی قدر حضرت امام محمد باقر ؑ سے براہ راست حصول علم اور کسب فیض کیا اور اپنے جد امجد امیرالمومنین حضرت علیؑ اور پیغمبر گرامی قدرۖکے عطا کردہ علوم کے حامل قرارپائے ، آپ نے اپنے دور میں علم کا دعوی کرنے والا ہر شخص کو لاجواب کیا اور اسلام کے حوالے سے پھیلائی گئی تمام غلط فہمیوں کو اپنے علم کی بنیاد پر دور کیا۔ آپ کے شاگردوں میں بہت سے نامورشخصیات شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے ادوار میں اپنے شعبے کے حوالے سے عوام کی رہنمائی میں نام پید اکیا۔ علم و اسلام سے عقیدت رکھنے والے انسان حضرت امام جعفر صادق ؑ کے علوم، کردار، سیرت اور اصولوں کا مطالعہ کریں ، ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور ان سے مخلصانہ استفادہ کریں تو ایک بار پھر دنیا میں علم کا غلبہ ہوگا اور جہالت کا خاتمہ ہوگا جس سے انسانیت کو درپیش تمام مسائل حل ہوں گے۔