تازه خبریں

انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے عزاداری کو خوفناک بنا کر پیش کر رہی ہے،علامہ مظہر عباس علوی

جعفریہ پریس- پنجاب کی صوبائی حکومت عزاداری کے روایتی جلوسوں کو بھی روک رہی ہے، عزاداری پر کوئی پابندی قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان پنجاب کے صوبائی صدر علامہ مظہر عباس علوی نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ جامپور، خانیوال اور حجرہ شاہ مقیم میں روایتی مجالس کے بانیان کو گرفتار کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر یہ مجالس پولیس کے ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں جبکہ پنڈدادن خان میں روایتی جلوس کو روکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے عزاداری کو خوفناک بنا کر پیش کر رہی ہے۔ راستوں کو بند کرکے خوف و ہراس پیدا کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ متنفر ہوں۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدر نے مزید کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ کے اقدامات سے لگتا ہے کہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کی بجائے عزاداروں کے مقابلہ میں آن کھڑی ہوئی ہے۔ علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ حکومت محرم الحرام میں علماء اور مقررین کی تقاریر کی ریکارڈنگ پیش کرنے کو لازم قرار دے کر اہل تشیع سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ تکفیری گروہ کو کھلے عام چھٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں علماء پر پابندی سے بھی عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔