پشاور : شیعہ علماء کونسل پاکستان خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر وسیم اظہر ترابی نے جامعہ دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں دارلعلوم حقانیہ کے نائب مہتم اور جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ سابق رکن قومی اسمبلی مولانا حامد الحق حقانی سمیت متعدد نمازیوں کےجانی ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ عمل قراردیا ھے۔
وسیم اظہر ترابی نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب اسلامی نقطہ نظر سے رحمتوں اور برکتوں کے مہینہ رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے ایسے میں صوبے کے سب سے بڑے اور خطے کے معروف دینی درسگاہ جامعہ دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک پر خودکش حملہ ملک کی امن وامان کو سبوتاژ کرنے کی گھناونی سازش ھے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ھے کہ حکومت اس افسوسناک واقعہ کی فوری طور پر تحقیقات کرکے اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں کہ وہ کیا محرکات ہیں جن کہ وجہ سے ایک معروف دینی عالم سمیت متعدد قیمتی انسانی جانوں سمیت صوبے کے بڑے دینی درسگاہ،مسجد،منبر ومحراب کو نشانہ بنایا گیا اور اس کی تقدس کو پامال کیا گیا۔