تازه خبریں

ایران نے دنیا میں مذہبی آزادی پر امریکی رپورٹ کو مسترد کردیا

اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دنیا میں مذہبی آزادی کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ کا مقصد صرف سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے.

ترجمان دفترخارجہ ‘بہرام قاسمی’ نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ دنیا میں مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی دفترخارجہ کی رپورٹ جھوٹ پر مبنی اور متعصبانہ ہے جس کا واحد مقصد مخصوص سیاسی اہداف کا حصول ہے.

انہوں نے امریکی رپورٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران میں مذہبی آزادی کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ نے بے بنیاد دلائل اور محض الزامات کی بنیاد پر اس رپورٹ میں ایران کو نشانہ بنایا ہے.

قاسمی نے مزید کہا کہ ایران میں مذھبی آزادی کے حوالے سے قوانین موجود ہیں اور ملک میں عوام کو آئین اور قانون کے مطابق مذہبی اور دینی آزادی حاصل ہے.

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر دنیا میں مذہبی تنازعات کا حل چاہتے ہیں تو اس موضوع کو سیاسی اور مخصوص مقاصد کے لئے استعمال کرنے سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی مکالمے اور بات چیت کو فروغ دینا ہوگا.

بہرام قاسمی نے کہا کہ دنیا کے موجودہ جدید دور میں یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ مذہبی منافرت بشمول اسلام فوبیا امریکی سیاستدانوں کا وطیرہ بن چکا ہے جبکہ امریکہ میں مسلم شہری ہمیشہ تشدد اور متعصبانہ رویے کے شکار ہوتے رہتے ہیں.

ترجمان ایرانی دفترخارجہ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذہبی آزادی کی صورتحال پر من گھڑت رپورٹس تیا کرنے کے بجائے اپنے ملک میں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے حوالے سے شفاف قوانین نافذ کرے.